نئی دہلی،10فروری (آئی این ایس انڈیا) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے تقرریوں اورترقی میں ریزرویشن کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کو لے کر پیر کو نریندر مودی حکومت پر نشانہ لگایا اور الزام لگایا کہ ریزرویشن کو ختم کرنے کی منشا رکھنا بی جے پی اور آر ایس ایس کے ڈی این اے میں ہے۔گاندھی نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی اور آرایس ایس کتنی بھی کوشش کر لے، لیکن کانگریس ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے ریزرویشن کو ختم نہیں ہونے دے گی۔ا نہوں نے پارلیمنٹ احاطے میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں الزام لگایاکہ یہ (حکومت) ریزرویشن کے خلاف ہے،یہ کسی نہ کسی طرح سے ریزرویشن کو آئین سے نکالنا چاہتے ہیں،اس لئے وہ ایسا کرتے رہتے ہیں۔یہ چاہتے ہیں کہ ایس سی-ایس ٹی کمیونٹی آگے نہیں بڑھے۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ اب فیصلہ آیا کہ ریزرویشن بنیادی حق نہیں ہے،یہ سب اتراکھنڈ کی حکومت نے عدالت عظمیٰ میں کہا ہے۔یہ ریزرویشن کو منسوخ کرنے کا بی جے پی کا طریقہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس والے کتنی بھی کوشش کر لیں، لیکن ہم ریزرویشن کو ہٹنے نہیں دیں گے کیونکہ ریزرویشن آئین کا ایک طرح سے براہ راست حصہ ہے۔ گاندھی نے حکومت پر الزام لگایاکہ آئین پر حملہ ہو رہا ہے،لوگوں کو بولنے نہیں دیا جاتا،یہ عدلیہ پر دباؤ بناناہے،آئین کی روح کو ایک ایک کر کے توڑ رہے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے ڈی این اے میں ہے کہ ان کو ریزرویشن ختم کرنا ہے اور وہ اسے مٹانا چاہتے ہیں،میں ایس سی، ایس ٹی اور اوبی سی زمرے کے لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ چاہے مودی جی یا موہن بھاگوت خواب دیکھیں، ہم ریزرویشن کو مٹنے نہیں دیں گے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں کہا ہے کہ ترقی میں ریزرویشن بنیادی حق نہیں ہے۔